کراچی: رینجرز سے مقابلہ، 7 دہشت گرد ہلاک، بڑھتی ڈکیتیوں کیخلاف مظاہرہ لاٹھی چارج، شیلنگ، 4 زخمی

Feb 20, 2017

کراچی(نوائے وقت رپورٹ، نیٹ نیوز) شاہ لطیف ٹائون میں رینجرز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے خودکار ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔ سکیورٹی اداروں نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے۔ کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ دوسری طرف کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں کیخلاف علاقہ مکینوں نے مظاہرہ کیا۔ انکا احتجاج پرتشدد اور اسلام چوک کا علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی، مشتعل مظاہرین نے پولیس موبائل کے شیشے توڑ دیئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے فائر کئے گئے، آنسو گیس کے شیل لگنے سے 4 افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج سے مشتعل شہری پتھرائو کرتے رہے حالات پر قابو پانے میں ناکامی کے بعد پولیس نے رینجر بلا لی جس کے آنے پر مظاہرین منتشر ہو گئے تاہم کشیدہ صورتحال رات گئے تک برقرار رہی۔ پولیس اہلکاروں نے گھر میں گھس کر 12 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کی شیلنگ کے دوران مقامی شادی ہال میں تقریب کے دوران سکول کے بچے محصور ہو کر رہ گئے۔

مزیدخبریں