لاہور/بنی گالہ(آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشر یف اخلاقی طور پر پانامہ کیس ہار چکے ہیں۔ قوم کر پٹ وزیر اعظم کو کسی بھی صورت قبول کر نے کو تیار نہیں‘ حکمران دہشت گردی کے خاتمے کی بجائے کر پشن بچانے کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، آئندہ عام انتخابات میں حکمرانوں کی کر پشن اور لوٹ مار کو عوام مسترد کردیں گے اور تحر یک انصاف پنجاب سمیت چاروں صوبوں میں کامیاب ہوگی اور آنیوالی حکومت تحریک انصاف کی ہوگی۔ عمران نے کہا کہ ہم ملک وقوم کو ان سے نجات دلا کر ہی دم لیں گے۔ تحریک انصاف پانامہ کے معاملے کو انجام تک پہنچانے تک چین سے نہیں بیٹھے گی کیونکہ تمام مسائل کی جڑ حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار ہے اسلئے اس لوٹ مار کو مزید برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک سے مہنگائی، بیروزگاری سمیت دیگر مسائل کا خاتمہ کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر نا ہے تواس کیلئے ملک کو کرپشن سے مکمل نجات دلانا ضروری ہے۔ کرپشن صرف تحریک انصاف کا نہیں پوری قوم کا مسئلہ ہے اسلئے قوم کو کرپشن کیخلاف متحد ہو کر تحریک انصاف کا ساتھ دینا ہوگا اور تحریک انصاف ہی پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں اور کرپشن سے نجات دلائیگی۔