کراچی (آئی این پی) انتظار احمد قتل کیس کی نئی جے آئی ٹی کے پہلے اجلاس میں مقتول کے والد اشتیاق احمد اور دوست مدیحہ کیانی پیش ہوگئیں، پیر کو انتظار احمد کے والد اشتیاق احمد نے جے آئی ٹی کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا، واردات کی تصاویر دکھائیں اور کہا کہ سی سی ٹی وی ویڈیو اور تصاویر دیکھ لیں واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے یا غفلت؟ اشتیاق احمد نے یہ بھی کہا کہ 13 جنوری کی شام خیابان اتحاد ڈیفنس میں اہلکاروں نے انتظار پر شناخت کے بعد گولیاں چلائیں، وکیل اشتیاق احمد نے جے آئی ٹی کو بریفنگ بھی دی، ان کا کہنا تھا کہ انتظار کے والد نئی جے آئی ٹی سے مطمئن ہیں، انہیں امید ہے کیس میں انصاف ضرور ملے گا، وکیل نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی واقعہ میں ملوث افراد کے بیان ریکارڈ کررہی ہے، مدیحہ کیانی نے بھی اپنا بیان ریکارڈ کرایا، تاہم سابق ایس ایس پی اے سی ایل سی مقدس حیدر آج پیش نہیں ہوئے۔