لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے آٹومیٹک اسلحہ لائسنسوں کی منسوخی کے وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن تاحکم ثانی معطل کرتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا۔ درخواست گزار سید اذکار حسین نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت جان و مال کا تحفظ حاصل ہے۔ ملک میں امن و امان کے مسائل کی بناء پر اپنے تحفظ کے لئے شہریوں نے آٹو میٹک اسلحہ کے لائسنس بنوا رکھے تھے۔ وزارت داخلہ نے کسی قانونی جواز کے بغیر شہریوں کے خود کار اسلحہ کے لائسنس منسوخ کر دئیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے شہری شدید عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں جو بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ جس پر عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن تاحکم ثانی معطل کرتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگرفریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
آٹومیٹک اسلحہ لائسنسوں کی منسوخی، ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا
Feb 20, 2018