فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پتنگ بازی کے دوران بجلی کے تاروں سے کیمیکل ڈور ٹکرانے سے 10سالہ بچہ کرنٹ لگنے کے بعد دوسری منزل سے گر کر جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق نشاط آباد کے علاقہ صدیق آباد میں شہری محمد نور کا دس سالہ بیٹا بابر نور اپنے گھر کی چھت پر کیمیکل ڈور سے پتنگ اڑا رہا تھا کہ اس دوران کیمیکل ڈور بجلی کے تار سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں تین بجلی کے تار آپس میں جڑگئے ۔دھماکے کے بعد تاروں کو آگ لگ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ فوری طور پر خود ہی بجھ گئی پتنگ بازی میں مصروف بچہ کرنٹ لگنے کے باعث گھر کی چھت سے گلی میں آ گرا جس کے نتیجہ میں وہ بری طرح زخمی ہو گیا جسے اہل علاقہ نے تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کیا جہاں چند گھنٹوں بعد زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دس سالہ بچہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ پولیس حکام کے سخت ترین احکامات کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی کا سلسلہ جاری ہے۔ تھانہ نشاط آباد کے علاقہ محلہ صدیق آباد میں بھی پتنگ بازی دیکھنے میں آتی۔ شہری حلقوں کی طرف سے سوال کیا گیا کہ اگر پولیس اور ضلعی انتظامیہ پتنگ بازی روکنے میں واقعی سنجیدہ ہے تو پھر گلی محلے کے چھوٹے بچے پتنگیں، ڈور حتیٰ کہ کیمیکل ڈور کہاں سے خریدنے میں کامیاب ہوتے ہیں جس کے باعث ایک اور دس سالہ بچہ زندگی کی بازی ہار گیا۔
فیصل آباد: پتنگ بازی کرتے10سالہ بچہ کرنٹ لگنے کے بعد دوسری منزل سے گر کر جاں بحق
Feb 20, 2018