لاہور (سپیشل رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کراچی میں جنوبی اور بن قاسم اضلاع میں ورکرز کنونشن سے خطاب کیا اور جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی سے ملاقات کی ۔ انہوںنے عشائیہ کا اہتمام کیا ، حافظ نعیم الرحمن ، اسامہ رضی ، برجیس احمد ، عبدالوہاب سلفی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ لیاقت بلوچ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ متحدہ مجلس عمل مرکزی ، صوبائی عہدیداران کے چنائو کے بعد ملک گیر رابطہ عوام مہم شروع کرے گی ۔ مرکزی قیادت کا اتحاد اور عوام سے خطاب دینی جذبہ رکھنے والوں میں بڑا تحرک پیدا کرے گا ۔ سپریم کورٹ سے توقعات ہیں کہ عوامی اہمیت کے مسائل کو بھی ضرور سنے ، نااہل حکومت اور انتظامیہ کو رہنمائی بھی دے لیکن اصل ٹاسک کرپٹ مافیا کا احتساب ، پانامہ کے 436 افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانا اور 2018 ء کے انتخابات کے شفاف اور غیر جانبدار انہ انعقاد کا ہے۔