قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی طرف سے عوامی نیشنل پارٹی اورایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں سے بھی رابطے شروع کر دیئے گئے ہیں جبکہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے اس بارے میں ابتدائی بات چیت کی ہے, مشاورت میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ بھی شامل تھے۔باقاعدہ طور پر اپوزیشن جماعتوں میں نگران وزیراعظم کی نامزدگی پر مشاورت شروع ہوگئی ہے۔ سید خورشید شاہ نے اپنی پارٹی قیادت کو اعتماد میں لیتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں. سینیٹر سراج الحق سے نگران وزیر اعظم کے حوالہ سے مشاورت کی گئی ہے ۔آئینی استحکام کے حوالے سے کسی مصلحت کو آڑے نہ آنے دینے پر اتفاق رائے ہوا ہے ۔ اداروں کے درمیان تصادم کسی بھی صورت ملکی مفاد میں نہیں ، اپوزیشن کسی بھی اس قسم کے اقدام کا ساتھ نہیں دے گی ۔ نگران وزیراعظم کی نامزدگی کے معاملے سید خورشید شاہ کی طرف سے متحدہ حزب اختلاف کا مشاورتی اجلاس طلب کرنے کا بھی امکان ہے جس میں متفقہ نام کو سامنے لانے کی کوشش کی جائے گی۔منگل کو ملاقات کے لئے اپوزیشن لیڈر کی طرف سے اے این پی ، ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کئے گئے ہیں۔