اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں نے الیکشنز(ترمیمی) بل 2018 متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا جس کے تحت الیکشن کمیشن کے دو بینچ قائم کیئے جا سکیں گے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے بل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے 5ممبرز ہوتے ہیں ،اس بل سے الیکشن کمیشن کے بینچوں کی تعداد ایک سے بڑھ کر دو ہو جائے گی، سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ ملک میں ایک سے سوا کروڑ ووٹ مستقل یا عارضی پتے کے علاوہ تیسرے پتے پر رجسٹرڈ ہیں جس کا اندیشہ ہے کہ یہ جعلی ہو سکتے ہیں۔ ڈائیریکٹر الیکٹورل رولز بابر ملک نے کہا کہ ہم نے 31 دسمبر 2018تک مستقل یا عارضی پتہ پر ووٹ رجسٹرڈ کرانے سے متعلق پبلک نوٹس جاری کیا تھا ،ہم لوگوں کو 30 مارچ تک کا بھی وقت دیں گے ،ملک میں 90 فیصد لوگ مستقل پتہ پر رجسٹرڈ ہیں ،عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ تیسرا پتہ پر ووٹ ختم کر دیا گیا ہے ،اس پر پابندی نہیں لگنی چاہیے ،لوگوں کے بنیادی حق کو نہ چھینا جائے ،سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ قانون پارلیمنٹ نے بنایا ہے ہم اس پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔