اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ )اسپیکر اسد قیصر نے کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کا نہیں بلکہ یہ انسانیت کا مسئلہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں حقوق انسانی کی خلاف ورزی دنیا کے سامنے تشت از بام ہے۔ عالمی برادری خصوصا برطانوی پارلیمنٹ کشمیر میں بگڑتے حالات کا نوٹس لے اور خطے میں امن کو ممکن بنانے کے لیے کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس خیالات کا اظہار دولتِ مُشترکہ ایسوسی ایشن (سی پی اے) برطانیہ کے پانچ رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاوس میں اسپیکر سے ملاقات کی۔ وفد میںرکن برطانوی پارلیمنٹ ناز شاہ، فیصل رشید، لارڈ روگن اور برطانوی پارلیمنٹ کے افسران شامل تھے۔ اسپیکر نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری خطے میں امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے اور پاکستان پارلیمانی سطح پر بھارت کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری کو کھولنا پاکستان کی طرف سے امن کی جانب ایک قدم تھا جس کا بھارت نے مثبت جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسا ماحول پیدا کرنا چاہتا ہے جس میں دونوں ممالک کے عوام امن و سکون سے رہ سکیں جب کہ موجودہ بھارتی حکومت پاکستان دشمنی کے نعرے پر اپنا الیکشن لڑنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیانات سے خطے میں جنگی حالات کو تقویت مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے جنگ و جدال کی زبان خطے میں بہتری نہیں بلکہ حالات میں مزید بگاڑ لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن نفرت کی بنیاد پر نہیں بلکہ مستقبل کے امن اور ترقی کو ہدف بنا کر لڑے جاتے ہیں۔ مودی سرکار پاکستان کی بجائے غربت اور افلاس کو اپنا ہدف بنائے۔
بھارتی حکومت پاکستان دشمنی کے نعرے پرالیکشن لڑنا چاہتی ہے‘اسد قیصر
Feb 20, 2019