لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار + ایجنسیاں) پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج شروع ہو گا۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے نیب کے زیرتحویل دو ارکان اسمبلی عبدالعلیم خان اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈرز جاری کر دئیے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی کے چیئرمین نیب کو تحریری احکامات میں کہا گیا ہے کہ دونوں ارکان اسمبلی کو آج 20 فروری صبح 9 بجے اسمبلی چیمبر میں پیش کیا جائے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بطور سپیکر، اسمبلی کے استحکام کیلئے جدوجہد کرنا میری ذمہ داری ہے جس کیلئے میں دل و جان سے کوشاں رہوں گا۔ دریں اثناء سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے بھی منگل کو ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب اسمبلی اجلاس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان اور اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پر خیرمقدمی قرارداد منظور کرانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔ پاکستان بھر میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی، صوبہ میں نان فارمل اساتذہ کو ریگولر کرنے کے مطالبے، سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہونے کیخلاف تحریک التواء جمع کرادی گئی ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس بھی (آج) شام چار بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا ، صدارت سپیکر قومی اسمبلی کرینگے ۔