لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیر صدارت دانش سکول اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے ہر بچے کو اعلی ترین تعلیم کے مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ دانش سکول اور سنٹرآف ایکسی لینس کے پراجیکٹ میں بہتری لائیں گے اور دانش سکول کے اخراجات میں کمی کیلئے ضروری انتظامی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ دانش سکولوں کی تعمیر میں گھپلے کرنے والوں سے قومی خزانے کی پائی پائی وصول کریں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دانش سکول میں چھٹی جماعت کی بجائے آٹھویں کلاس سے بچے داخل کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے دانش سکول اور سنٹر آف ایکسی لینس کے امور میں بہتری کیلئے وزیرتعلیم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کے مالیاتی امور اور کم وسیلہ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سرکاری محکموں کو بچت پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی اور کہا کہ مالیاتی امور میں شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنیا جائے اور سرکاری محکموں میں مالیاتی ڈسپلن ہر صورت برقرار رھا جائے قوم کے وسائل کے امین ہیں اور عوام کے خون پسینے کی کمائی پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ترقیاتی منصوبوں میں عوام کی ضرورت اور فلاح و بہبود کو مدنظر رکھا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کرکے لاگت بڑھانے کی روایت کی حوصلہ شکنی کی جائے ترقیاتی وسائل کا بروقت استعمال ضروری ہے محکمے جاری کردہ فنڈز کا درست اور بروقت استعمال یقینی بنائیں وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری فنڈز کے مقرررہ مدت کے اندر استعمال اور ان کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور عوام کی فلاح و بہبود کے دیگر منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کرتے رہیں گے۔ عثمان بزدار سے ترکی کے سفیر اصحان مصطفیٰ یرواکول نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،پاک ترک تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ترک سفیر نے مختلف شعبوں میں پنجاب حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ملاقات میں ہاؤسنگ، سیاحت، تعلیم، صحت اور ووکیشنل تربیت کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ہاؤسنگ، سیاحت، صحت، تعلیم، ووکیشنل ٹریننگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ترک سرمایہ کار آگے آئیں اور ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں انہیں ہر طرح کی سہولتیں دیں گے، نئے پاکستان میں ترک سرمایہ کاروں کو کاروبار کیلئے آسانیاں فراہم کریں گے۔
دانش اسکولوں کی تعمیر میں گھپلے کرنے والوں سے پائی پائی وصول کرینگے: عثمان بزدار
Feb 20, 2019