ٹیکس چور ملک کے دشمن، کوئی رعایت نہیں ہو گی: وزیر اعظم

Feb 20, 2019

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں ریونیو اکٹھا کرنے کے سلسلے میں کیے جانے والے حکومتی اقدامات کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر، ترجمان ندیم افضل چن، معاون خصوصی افتخار درانی، چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان و دیگر افسران شریک ہوئے۔ چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس اکٹھا کرنے، ٹیکس بیس میں اضافے اور نادہندگان سے ٹیکس وصولی کے لئے کیے جانے والے نئے اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہائی نیٹ ورتھ افراد کے چھ ہزار سے زائد کیسز زیر غور ہیں جن سے کل دو ارب سے زائد کی آمدن متوقع ہے۔ اب تک ان سے 1.3ارب کی وصولی کی جا چکی ہے، معلومات اور تحقیقات کے چھیاسٹھ کیسز پر کام جاری ہے جن میں سے اب تک 1.5ارب روپے سے زائد کی وصولی کی جا چکی ہے۔ بیرون ملک جائیدادوں (آف شور ایسیٹس) کے کیسز میں اب تک چھ ارب سے زائد کے واجب الادا ٹیکسز اکٹھے کیے جا چکے ہیں۔ سیکشن 214ای کے تحت 1.573 ارب روپے کی وصولیاں کی جاچکی ہیں۔ ایف بی آر کی جانب سے اب تک دو ہزار پلازہ کی میپنگ کی جا چکی ہے جبکہ 2500سے زائد پوائنٹ آف سیل پر قابل وصول ٹیکس اکٹھا کرنے کے لئے خودکار نظام کی تنصیب کی جا چکی ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ قابل وصول ٹیکسز کواکٹھا کرنے کے لئے جدید طریقہ کار برؤے کار لائے جائیں تاکہ جہاں نا دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکے وہاں ٹیکس دہندگان کے لئے آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔ ٹیکس چور قوم ملک اور قوم کے دشمن ہیں۔ ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ بے قاعدگی سے ٹیکسز ادا کرنے والوں کو ہراساں کرنے کی بجائے ٹیکس چوروں اور نادہندگان پر توجہ مرکوز کی جائے ، ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس چوروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے ۔ ٹیکس چوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کے ساتھ ساتھ ٹیکس چوری میں سہولت فراہم کرنے والے محکمے کے بدعنوان افسروں، اہلکاروں کے خلاف کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے، ٹیکس ادا کرنے والے شہریوں کے لئے آسانی اور انکی سہولت کاری کو یقینی بنایا جائے۔حکومت نے ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے 150 بڑے ٹیکس دہندگان کو ملاقات کیلئے بلا لیا۔ ٹیکس دہندگان کے اعزاز میں تقریب آج وزیراعظم آفس میں ہو گی۔ وزیراعظم ٹاپ ٹیکس دہندگان میں سرٹیفکیٹس تقسیم کریں گے۔ وزیراعظم ٹیکس نیٹ بڑھانے اور دیگر معاملات پر مشاورت کریں گے۔ کفایت شعاری مہم کے تحت مہمانوں کی چائے سے تواضع کی جائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین پی ایم معائنہ کمشن احمد یار ہراج نے ملاقات کی۔ احمد یار ہراج نے وزیراعظم کو کمشن کی مختلف سرگرمیوں سے متعلق بریف کیا۔ وزیراعظم نے چیئرمین معائنہ کمشن کو توانائی شعبے میں بعض بے ضابطگیوں کا جائزہ لینے کا ٹاسک سونپ دیا۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ جائزہ لے کر جلد سفارشات پیش کریں۔

مزیدخبریں