نیو یارک، ملتان (سٹاف رپورٹر، ایجنسیاں، نوائے وقت رپورٹ، نامہ نگار) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کشیدگی کم کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کریں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹیرس نے پیشکش کی کہ اگر دونوں ملک تیار ہوں تو اقوام متحدہ ان کا تفصیہ کرانے کو تیار ہے۔ دونوں ملک ہر ممکن اختیاط سے کام لیں۔ اس سے قبل پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت کے جنگجویانہ رویہ کے خلاف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھا۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئتیرس کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ ’میں فوری طور پر آپ کی توجہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کے نتیجے میں خطے کی خراب ہوتی سکیورٹی صورتحال کی طرف مبذول کروانا چاہتا ہوں‘۔ وزیر خارجہ نے لکھا کہ پلوامہ میں بھارت کے مطابق بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس پر حملہ کشمیر کے رہائشی نے کیا جبکہ اسے بغیر کسی تصدیق اور تفتیش کے پاکستان سے منسوب کیا جارہا ہے۔ اپنے داخلی سیاسی مقاصد کے لیے بھارت جان بوجھ کر پاکستان کے خلاف دشمنی کا پیغام دے رہا اور ماحول کشیدہ کر رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے یہ بھی واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنا ایک بڑی غلطی ہوگی۔ انہوں نے استدعا کی کہ شدت میں کمی کے لیے ضرورت اقدامات اٹھائے اور اقوام متحدہ کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے مداخلت کرے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کو کہا جائے کہ وہ پلوامہ واقعے پر ایک کھلی اور قابل اعتماد تحقیقات کرے، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ وہ بھارت کو کہے کہ وہ حالات مزید خراب کرنے کے بجائے پاکستان اور کشمیریوں سے مذاکرات کرے تاکہ صورتحال پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے درخواست کی کہ اس خط کو سیکیورٹی کونسل اور جنرل اسمبلی کے اراکین تک پہنچایا جائے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے کوئی حرکت کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائیگا ہم کسی دھمکی سے مرعوب نہیں ہوں گے بھارت نے بغیر تحقیقات کے پاکستان پر الزام لگا دیا۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو دلیرانہ جواب دیا وزیراعظم نے واضح کیا کہ یہ نیا پاکستان ہے بھارت کسی بھول میں نہ رہے پی آئی اے قومی ادارہ ہے اس کیا اصل شناخت کو بحال کریں گے پی آئی اے گزشتہ سال سے خسارے میں ہے گزشتہ حکومت نے ذاتی مقاصد کیلئے اداروں کو تباہ کیا۔ پی ٹی آئی نے پی آئی اے ملازمین کے حق میں آواز اٹھائی عالمی ادارے کے تعاون کے بغیر ہی معیشت بحال ہو رہی ہے قومی اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے مربوط پالیسی بنا لی ہیں گزشتہ حکومت نے پی آئی اے کو فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔ دریں اثناء بھارت میں متعین پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود نے منگل کے روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات پلوامہ اشو پر ہندوستان کی طرف سے پاکستان پر لگائے جانے والے بے جا الزامات اور خطے کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ مزید برآن وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 24 سے 27 فروری تک جاپان کا دورہ کریں گے جہاں پر وہ جاپانی ہم منصب سے دو طرفہ تعلقات سمیت عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دریں اثناء ملتان میں پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگرانڈیا نے سرجیکل سٹرائیک جیسا ایڈونچر کرنے کی کوشش کی تو اس کا بھرپور جواب دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ ہم ہندوستان سے کبھی مرعوب ہونگے اور نہ دھمکیوں میں آئیں گے۔ کسی غلط فہمی میں نہ رہا جائے۔ پاکستان برد باری اور ہوش مندی سے اپنے مفادات کا تحفظ کرنا چاہتا ہے۔ ہمیں معلوم ہے بھارت الیکشن کی آڑ میں خطے کا امن خراب کر سکتا ہے اور انسانی جانوں کا ضیاع کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا بھی سرمایہ کاری کرے گا آئندہ چند ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی بارش ہونے والی ہے۔ مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب کرائون پرنس کو اپنے موقف سے آگاہ کردیا ہے اور وہ اپنے دورہ انڈیا میں پاکستانی موقف کی بھرپور تائید کریں گے۔
بھارتی دھمکیاں: اقوام متحدہ مداخلت کرے: شاہ محمود، دونوں ملک تیار ہوں تو تصفیہ کراسکتے ہیں: سیکرٹری جنرل انتونیو گوئیٹرس
Feb 20, 2019