سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے افراد میں پانچویں نمبر پر ہیں تاہم وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر تقریب میں شامل نہیں ہوئے۔
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے افراد کے اعزاز میں تقریب رکھی تھی اور انہیں سرٹیفیکیٹس بھی دیے گئے ۔
عمران خان نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے افراد کو پاکستان کے وی آئی پی قرار دیا۔
فیڈرل بورڈ ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے سرفہرست ٹیکس دہندگان کی فہرست جاری کی گئی جس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پانچویں نمبر پر شامل ہیں۔
شاہد خاقان عباسی اسلام آباد سے واحد ٹیکس دہندہ ہیں جو ٹیکس ادا کرنے والے سرفہرست 100 افراد میں شامل ہیں۔
وزیر اعظم ہاوس کی جانب سے سرفہرست ٹیکس دہندگان کو دعوت دی گئی تھی تاہم سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دعوت کےباوجود عمران خان سے ملاقات کے لیے نہیں آئے۔
شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صرف آج نہیں بلکہ پچھلے 32 سال سے ٹیکس ادا کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے فہرست جاری کر کے غیر قانونی کام کیاہے ، فہرست جاری کرنا پارلیمنٹ کا کام ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دعوت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقریب کا کارڈ مجھے بھی جاری ہواتھا لیکن اس وقت میں ملک میں موجود نہیں تھا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اور کابینہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسی تقریب میں جا کر کیا کرنا تھا جہاں وزیر اعظم اور اس کی کابینہ ٹیکس نہ دیتی ہو۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم پہلے قوم کو بتائیں کہ وہ کتنا ٹیکس دیتے ہیں اور ان کی کابینہ کتنا ٹیکس دیتی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے ایک سال میں 30 کروڑ روپے ٹیکس ادا کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے وزیراعظم سے سرٹیفکیٹ نہیں لے سکتا جو خود ٹیکس نہ دیتا ہو
ایف بی آر کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس کراچی سے تعلق رکھنے والی خاتون صائمہ شہباز ملک ہیں اور دوسرے نمبر پر کراچی سے ہی تعلق رکھنے والے محمد یاسین ملک اور تیسرے نمبر پر احمداللہ ہیں۔
خیال رہے کہ ابتدائی تینوں نمبرز پر کراچی سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات ہیں جس کے بعد چوتھا نمبر لاہور کے حسن منشا کا ہے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پانچویں نمبر پر ہیں اور ان کا تعلق اسلام آباد سے ہے، ان کے علاوہ اس فہرست میں اسلام آباد سے کوئی شامل نہیں ہے۔ پہلے پچاس ٹیکس ادا کرنے والوں میں اسلام آباد سے شاہد خاقان واحد رکن ہیں۔
فہرست میں شامل ابتدائی 30 ٹیکس دہندگان میں کراچی سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے جو کہ 21 بنتی ہے جس کے بعد لاہور اور گجرانوالا کا نمبر آتا ہے جن کی تعداد صرف 3،3 ہے۔
پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے ابتدائی 30 افراد میں فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان اور پشاور سے کوئی شامل نہیں جبکہ کوئٹہ سے صرف ایک حاجی نورالحق شامل ہیں۔
ٹیکس دہندگان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پیسے کےصحیح استعمال سےمتعلق ٹیکس دہندگان میں اعتمادپیداکرناہوگا اور ہمیں ٹیکس دہندگان کووقاردیناہوگا، سب سے زیادہ ٹیکس دینےوالے پاکستان کے وی آئی پی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ 17لاکھ فائلرز 21 کروڑ عوام کابوجھ برداشت نہیں کرسکتے اس لیے تمام پیسے والوں کو ٹیکس دینا ہوگا۔