انسداد پولیو ویکسین انتہائی محفوظ، بچوں کو پلانا شرعی و اخلاقی فرض، علماء کا فتویٰ

لاہور(خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر علمائے اہلسنّت اور مفتیانِ کرام نے تحقیق و تفتیش کے بعد پولیو ویکسین کے حق میں اجتماعی فتویٰ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ انسداد پولیو ویکسین میں کسی بھی طرح کا کوئی حرام مادہ موجود نہیں بلکہ یہ ویکسین انتہائی محفوظ دوا ہے اور پولیو کے قطرے پلانے میں دینی و شرعی اعتبار سے کوئی حرج نہیں بلکہ بچوں کو عمربھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو کے قطرے پلانا والدین کا شرعی، قانونی اور اخلاقی فرض ہے۔ پولیو مہم میں رکاوٹ پیدا کرنا بدترین گناہ، سنگین جرم اور انسانیت دشمن عمل ہے جس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ قوم پولیو کے خلاف ریاستی مہم کا حصہ بن کر اپنا قومی فریضہ پورا کرائے۔ جو گمراہ لوگ لاکھوں بچوں کے اپاہج بن جانے کے خطرات پیدا کر رہے ہیں وہ اللہ کے عذاب کو دعوت دیتے ہیں۔ فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ دوا لینے کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات واضح ہیں جبکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں فرمایا ہے کہ اپنے بچوں کو اپنے ہاتھوں سے ہلاک نہ کرو۔ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے نہ پلانا قرآنی تعلیمات کے منافی ہے۔ کسی چیز کے بارے میں مثبت یا منفی رائے پوری تحقیق کے بعد قائم کرنی چاہیے۔ محض سنی سنائی باتوں کو پھیلانا دین میں منع ہے۔ پولیو قطرے حرام نہیں ہیں اور نہ ہی ان میں کوئی ایسی دوا شامل ہے جس کے ذریعے والدین بننے کی صلاحیت ختم ہو سکے۔ صرف تین اسلامی ممالک پاکستان، افغانستان اور نائیجیریا میں پولیو کا مرض باقی ہے۔ پاکستان میں پولیو کے خاتمے میں مکمل کامیابی نہ ہونے کی بڑی وجہ شمالی علاقوں، فاٹا، بلوچستان اور کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں پولیو ویکسین پلانے والی ٹیموں پر مسلح حملے ہیں۔ فتویٰ میں پولیو مہم کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔ فتویٰ جاری کرنے والے مفتیوں میں مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد مقیم خان، علامہ صاحبزادہ محمد دائود رضوی، علامہ حامد سرفراز قادری، مفتی محمد یونس رضوی، علامہ سیّد فدا حسین شاہ حافظ آبادی، علامہ سیّد شمس الدین بخاری، مولانا محمد عبداللہ چشتی، مفتی محمد شعیب منیر رضوی، علامہ محمد آصف رضا قادری، مفتی محمد حبیب رضا قادری، مولانا حافظ محمد اکبر جتوئی اور دیگر شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن