لاہور (اپنے نامہ نگار سے) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے واہگہ بارڈر دھماکہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے تین مجرموں کو پانچ، پانچ بار موت کی سزا کا حکم سنا دیا، مجرموں کو چوبیس، چوبیس بار عمر قید اور 40، 40 لاکھ جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے واہگہ بارڈر بم دھماکے کا فیصلہ سنایا، عدالت نے ملزمان کیخلاف ایک سو ایک گواہان کے بیانات قلمبند کیے۔ پراسکیوشن اور ملزمان کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے جرم ثابت ہونے پر حسین اللہ، سعید جان اور حبیب اللہ کو پانچ، پانچ بار موت کی سزا، چوبیس، چوبیس بار عمر قید اور جرمانے کی سزا جبکہ ملزمان شفیق، غلام حسین اور عظیم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم دے دیا، ملزمان پر واہگہ بارڈر بم دھماکے میں سہولت کاری کا کردار ادا کرنے پر تھانہ باٹا پور نے 2014میں مقدمہ درج کیا تھا 2014ء میں واہگہ بارڈر پر ہونیوالے بم دھماکہ میں 70 افراد شہید اور 107 زخمی ہوئے تھے۔