پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی، رنگا رنگ افتتاحی تقریب آج، کھلاڑی تیار

Feb 20, 2020

کراچی +لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے 5ویں ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔ سکواش لیجنڈ جہانگیر خان پی ایس ایل کی ٹرافی نیشنل سٹیڈیم کراچی لیکر آئے جہاں تقریب رونمائی کی گئی۔ سکواش لیجنڈ جہانگیر خان ٹرافی نیشنل سٹیڈیم لے کر آئے اور دفاعی چیمپئن کپتان سرفراز احمد کے حوالے کی۔ جہانگیر خان نے ٹرافی سے پردہ اٹھایا۔ تمام ٹیموں کے چھ کپتان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چمچماتی ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن کے بعد ٹیم لیڈرزنے اپنے پلان بتائے۔ لیگ میں دنیا بھر کے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزما ہونگی جن کے درمیان 34 میچز مختلف وینیوز پر کھیلے جائیںگے، ابتدائی میچ 20 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ لیگ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ 22 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پی ایس ایل5 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سجائی جائیگی۔ افتتاحی تقریب شام چھ بج کر پینتالیس منٹ پر شروع ہوگی۔ 350 فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے۔ آفیشل ترانہ گانے والے چاروں گلوکار عارف لوہار، علی عظمت، عاصم اظہر اور ہارون بھی موجود ہونگے جبکہ اس موقع پرآتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ تقریب کو چار چاند لگانے کیلئے گلوکار راحت فتح علی خان، ابرار الحق، سجاد علی، صنم ماروی، آئمہ بیگ، ابو محمد، فرید ایاز اور سوچ بینڈ فن کا مظاہرہ کرینگے۔ نیشنل سٹیڈیم میں گذشتہ چند روز سے تقریب کی ریہرسل بھی جاری ہے، ساؤنڈ سسٹم کو تقریباً روز انہ چیک کیا جاتا ہے۔ پہلے روز دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اوراسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ رات نو بجے شروع ہوگا، ان دونوں ٹیموں کی تقریب میں موجودگی یقینی جبکہ پشاور زلمی کے آفیشلز کا بھی کہنا ہے کہ ان کے تمام پلیئرز نیشنل سٹیڈیم میں موجود ہونگے۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق کل جمعہ کو چار ٹیمیں میچز کھیلیں گی لہذا عملی طور پر ان کیلئے ممکن نہیں ہوگا کہ افتتاحی تقریب میں شرکت کریں، ان کی نمائندگی ٹیم مالکان کرینگے۔

مزیدخبریں