لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پرویز مشرف کی سزا سے بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ لائرز فائونڈیشن فار جسٹس نے درخواست دائر کی۔ درخواست میں وفاقی وزارت داخلہ، قانون و انصاف، رجسٹرار خصوصی عدالت، ایف آئی اے اور پرویز مشرف کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 13 جنوری کو پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کا عدالتی فیصلہ کالعدم قرار دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کو خصوصی عدالت کی تشکیل کے معاملے پر سماعت کا اختیار نہیں تھا۔ خصوصی عدالت نے قانون کے مطابق پرویز مشرف کے ٹرائل کا فیصلہ کیا۔ ہائیکورٹ کے فل بنچ کے روبرو پرویز مشرف کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے موقف سنے بغیر پرویز مشرف کو بری کرنے کا حکم سنایا۔ ملزم کی عدم موجودگی میں ٹرائل جاری رکھنے کے قانون کو ایک بار قلم گھما کر ختم نہیں کیا جا سکتا۔ استدعا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے پرویز مشرف کو بری کرنے کے فیصلے کو کالعدم کیا جائے۔