اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی‘صباح نیوز‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کے حوالے سے ماضی کی حکومتوں کے فیصلوں کے بوجھ پاکستان کے عوام نے اپنے کندھوں پر اٹھائے ہیں۔ وزیراعظم کا سمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون عوامی ریلیف کے لئے بڑا قدم ہے۔ اپنی ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قومی معیشت کو اربوں کا نقصان پہنچانے والے سمگلروں کی سرکوبی کی جارہی ہے۔ ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کی جائے گی جس سے عوام کو مناسب قیمت پر اشیا کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ سمگلنگ کی روک تھام کے لئے وسیع پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ وزیراعظم کے قانون پر عمل داری کے پختہ عزم کا اظہار ہے۔ عمران خان کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف اقدامات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لائیں گے۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں سے گندم کی قیمتوں میں کمی کے لئے تجاویز طلب کی ہیں۔ وزیراعظم نے پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کا روڈ میپ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی ترجیحات عوامی نہیں ذاتی تھیں۔ سیکرٹری جنرل کا پاکستان سے متعلق موقف امید کی کرن ہے‘ وزیر اعظم اپنی طاقت سے وزیراعظم ہائوس میں بیٹھے ہیں۔ وزیراعظم مہنگائی کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ وزیراعظم مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام بڑھ سکتا ہے ختم نہیں ہو سکتا۔ احساس پروگرام حکومت کا اہم پروگرام ہے۔ ہم کسی بھی قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا نواز شہباز واپس آنا ہوتا تو کبھی بوڑھی والدہ کو وہاں نہ بلاتے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثنااللہ ’مجھے بچائو‘ تحریک چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ ‘مجھے بچاؤ’ تحریک کی بات کر رہے ہیں اور جن کو آوازیں دے کر پرامید ہیں وہ لندن کے پرآسائش محلوں میں بیٹھے ہیں اور وہ رانا ثنااللہ کی بات پر کچھ نہیں کریں گے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسک کے حوالے سے ماضی میں کوئی حکمت عملی نہیں بنائی گئی لیکن یہ کام قابل تحسین ہے کیونکہ چند ترقی یافتہ ملکوں میں این ڈی آر ایم ایف کی طرز کے ادارے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں اور ان کی ہدایت پر اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور روک تھام کے لیے اصولی فیصلے کیے۔معاون خصوصی نے کہا کہ آٹا اور چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹ میں وزیر اعظم نے کچھ مزید جوابات طلب کیے ہیں لیکن بحران کے ذمہ داروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی روک تھام کے لیے کابینہ میں تجاویز پیش کی جائیں گی کیونکہ وزیر اعظم عوام کو ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
بجلی گیس پر ماضی کے فیصلوں کا بوجھ عوام کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہیں: فردوس عاشق
Feb 20, 2020