لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ایونٹ کا اچھا آغاز کرنا چاہتے ہیں، ہماری طرف سے شین واٹسن اور جیسن رائے اوپننگ کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلا ٹارگٹ پی ایس ایل میں پرفارمنس ہے، نسیم سے امیدیں ہیں وہ باصلاحیت بائولر ہیں، ان کی فٹنس پر کام ہورہا ہے۔ عوام پی ایس ایل کی ٹیموں کو بھرپور سپورٹ کررہے ہیں، گزشتہ 4 سال سے بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں، کوشش ہے اعزاز کا دفاع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر خان سے فٹنس ٹپس لے رہے تھے، پی ایس ایل میرے لیے اہم ہے، پوری توجہ پرفارمنس پر ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے لیکن محمد سمیع کو مس کر رہے ہیں، بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل چکا ہوں اس لیے کپتانی کا دباؤ نہیں ہے۔ غیرملکی کھلاڑیوں کوعلم ہے کرکٹ پاکستان میں پسند کی جاتی ہے،غیر ملکی پلیئرز پاکستان میں کھیلنے کے لیے بے قرار ہیں۔کوئٹہ اور اسلام آباد کے کپتان ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ایونٹ کا پہلا میچ کل کوئٹہ اور اسلام آباد کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ہماری ٹیم دو مرتبہ پی ایس ایل چیمپئن رہ چکی ہے، ہماریتمام غیرملکی کھلاڑی افتتاحی میچ کیلئے تیار ہیں۔ شاداب خان نے کہاکہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ایمرجنگ پلیئر کی حیثیت سے شروع کرنے کے بعد وہ تین سال میں ٹیم کے کپتان بن جائیں گے۔ دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ کی کپتانی کرنا اعزاز کی بات ہے، ان پر کپتانی کا کوئی پریشر نہیں ہوگا کیونکہ ٹیم میں سب پروفیشنل پلیئرز ہیں اور سب کو اپنا رول معلوم ہے، ساتھ ساتھ مصباح الحق کی رہنمائی بھی موجود ہوگی۔ اگر پی ایس ایل نہ ہوتا تو یہ سب اتنی جلدی ہونا ممکن نہیں ہوتا۔پاکستان سپر لیگ نے ان کی زندگی بدل دی ہے۔ وہ ٹور کرکے زمبابوے سے واپسی کی پرواز پر تھے جب پی ایس ایل ڈرافٹ ہوا، جب وہ دبئی میں ٹرانسٹ کے لیے تھے تو انہیں میسج ملا کہ ان کو اسلام آباد یونائٹیڈ نے پک کرلیا ہے۔ انہیں اندازہ تھا کہ پی ایس ایل ایک بڑا موقع ہے اور یہاں کی کارکردگی انہیں پاکستان ٹیم میں منتخب کرواسکتی ہے۔آل راؤنڈر خود کو منوانے کے خواہشمند ہیں، اگر پی ایس ایل نہیں ہوتا تو شائد اتنی جلدی ٹیم میں نہیں آتے، شاہین آفریدی، موسی خان اور دیگر نوجوان بھی پی ایس ایل کی وجہ سے ہی منظر عام پرآئے ہیں۔ کوشش ہوگی کہ گراؤ نڈ میں سو فیصد دیں۔ اسلام آباد کا لوکل گروپ ان کی سٹرینتھ ہے کیوں کہ کسی بھی لیگ میں اگر لوکل پلیئرز اچھے ہوں گے تو وہ لیگ جیت سکتے ہیں، اسلام آباد کا کمبی نیشن کافی اچھا ہے امید ہے کہ اچھا پرفارم کریں گے۔