کراچی (اسپورٹس ڈیسک) پی ایس ایل کے بخار کے سر چڑھ کر بولنے کا ایک ثبوت یہ بھی ہے کہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کئی سال سے ’پشاوری چپل‘ بنانے والے عمر رسیدہ شخص نے پوری پشاور زلمی ٹیم کو ’کپتان چپل‘ کا تحفہ دے دیا۔یہ وہی ’کپتان چپل‘ ہیں جنہیں پشاور کے 60 سالہ چاچا نورالدین نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے تیار کیا تھا۔چاچا نورالدین کی جانب سے پشاور زلمی کے تمام کھلاڑیوں اور مینیجمنٹ ٹیم کو ’کپتان چپل‘ کا تحفہ پیش کرنے والے چاچا نورالدین ہمیشہ سے ہی پشاور زلمی کو سپورٹ کرتے ہیں اور اس بار بھی وہ اپنی پسندیدہ ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں۔عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے چاچا نورالدین نے بتایا کہ 1976 سے پشاوری چپل تیار کر رہے ہیں اور انہوں نے عمران خان کے لیے خاص طرح کی ’کپتان چپل‘ بنائی تھی جو اب انہوں نے ’پشاور زلمی‘ کی ٹیم کے لیے بنائی ہیں۔چاچا نورالدین نے پشاور زلمی کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران انہیں ’کپتان چپل‘ پہنائی۔چاچا نورالدین کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس بار پشاور زلمی کی ٹیم کے تمام ارکان کے 40 ’کپتان چپل‘ کے جوڑے تیار کیے ہیں جو تین مختلف رنگوں میں بنائے گئے ہیں۔