کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کے دوران ملا جُلا رجحان موجود ہے۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو اسٹاک مارکیٹ کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ تاہم ایک گھنٹے بعد ہی کے ایس ای 100 انڈیکس منفی زون میں ٹریڈ کرنے لگا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس کا آغاز 40 ہزار 574 پوائنٹس پر ہوا اور ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران ہی انڈیکس میں 123 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس 40 ہزار 697 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
خبر فائل ہوتے وقت انڈیکس منفی زون میں ٹریڈ کر رہا تھا اور 104 پوائنٹس کمی کے ساتھ 40 ہزار 478 پوائنٹس پر موجود تھا۔
کاروبار کے ابتدائی ایک گھنٹے کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 14,574,000 شیئرز کی لین دین ہوئی جس کی مالیت پاکستانی روپوں میں 767,971,281 بنتی ہے۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو اسٹاک مارکیٹ مثبت زون میں ٹریڈ کرتی رہی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس میں کاروبار کا آغاز 40 ہزار 175 پوائنٹس پر ہوا اور ابتدائی ایک گھنٹے میں ہی انڈیکس میں 211 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس 40 ہزار 386 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتی نظر آئی۔
کاروبار کے دوران انڈیکس مثبت زون میں ہی رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس سب سے زیادہ 469 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 40 ہزار 644 پوائنٹس پر ٹریڈ کرتا نظر آیا تاہم کاروبار کا اختتام 399 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 40 ہزار 574 کے مجموعی پوائنٹس پر ہوا تھا۔منگل کو اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رحجان رہا اور دن کے اختتام پر انڈیکس میں 101 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ جب مارکیٹ کھلی تو انڈیکس 40276 پر تھا اور ابتدائی ایک گھنٹے میں تین سو سے زائد پوائنٹس کا اضافہ بھی ہوا تاہم یہ تیزی زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکی اور انڈیکس تیزی سے نیچے آیا جبکہ پیر کو بھی انڈیکس کا آغاز مثبت زون میں ہوا تاہم کاروبار کا اختتام 33 پوائنٹس کے معمولی اضافے پر ہوا۔