کراچی (اسپورٹس رپورٹر) رواں ماہ 20 فروری سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے آفیشل گانے نے محض 12 دن میں نیا ریکارڈ بنا کر پی ایس ایل کے تمام گانوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔نصیبو لال، آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ بینڈ ینگ اسٹنرز کی آواز میں گروو میرا کو رواں ماہ 7 فروری کو ریلیز کیا گیا تھا۔گانے کے ریلیز ہوتے ہی اس پر خوب تنقید کی گئی تھی اور کئی افراد نے گانے میں نصیبو لال کی آواز پر برہمی کا اظہار کیا تھا، تاہم ایک ہفتے بعد گانے کی تعریفیں کی جانے لگی تھیں۔گانے پر زیادہ تر تنقید کرنے والے کرکٹ اور موسیقی کے شائقین تھے تاہم جب شوبز و موسیقی سے وابستہ شخصیات نے گانے کی تعریفیں کرنا شروع کیں تو باقی افراد نے بھی گانے کو سراہنا شروع کیا۔تنقید کے بعد تعریفیں بٹورنے والے ’گروو میرا‘ کو محض 12 دن میں یوٹیوب پر ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے اور یہ اعزاز حاصل کرنے والا ’گروو میرا‘ پی ایس ایل کا پہلا گانا بن گیا۔گروو میرا سے قبل پی ایس ایل فور کے 2019 میں اداکار و گلوکار فواد خان کی آواز میں ریلیز کیے گانے ’کھیل دیوانوں کا‘ کو اب تک ایک کروڑ 40 ہزار سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے تاہم ’کھیل دیوانوں کا‘ کو ریلیز ہوئے دو سال ہوچکے ہیں ’گروو میرا‘ کو محض 12 دن ہوئے ہیں اور اس کے ویوز کی تعداد ایک کروڑ 5 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔جو اعزاز ’کھیل دیوانوں کا‘ نے ڈیڑھ سال سے زائد عرصے میں حاصل کیا ’گروو میرا‘ نے وہ اعزاز محض 12 دن میں حاصل کرلیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ گروو میراْ کی طرح ’کھیل دیوانوں کا‘ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا مگر حیران کن طور پر اسے بھی سب سے زیادہ دیکھا گیا۔گروو میرا‘ ریلیز ہوا تو کئی شائقین نے علی ظفر کے پی ایس ایل کے لیے گائے گئے ابتدائی تینوں گانوں کو سب سے بہترین گانے قرار دیا، تاہم ان کے گانوں کو آج تک آفیشل یوٹیوب چینل پر ایک کروڑ بار نہیں دیکھا گیا۔