لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے اجلاس میں جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے پی پی پی موڈ میں منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام کرنے کا حکم دیا اور پی پی پی پراجیکٹس کے لئے پراسیس کی مدت کو کم سے کم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے کہا کہ منصوبے کی منظوری سے لیکر آن گراؤنڈ آنے تک کی مدت کو کم سے کم کیا جائے۔ فلاح عامہ کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کروں گا۔ جن محکموں میں امور زیر التواء ہیں ان کی رپورٹ فوری پیش کی جائے۔ پی پی پی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا ہر 7 روز بعد جائزہ لوں گا - جس محکمے میں بھی کام بلا جواز رکا ہے، وہاں اب ایکشن ہوتا نظر آئے گا- بلا جواز تاخیر کرنے والے محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گا۔ راولپنڈی رنگ روڈ کے منصوبے کو جلد شروع کیا جائے۔ منصوبے سے علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ اجلاس میں پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر کے عہدے پر امجد علی اعوان کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے تحریک انصاف کے عہدیداران نے ملاقات کی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے ضلع میں جاکر عوامی مسائل حل کررہا ہوں۔ منتخب نمائندوں اور پارٹی عہدیداروں کی مشاورت سے عوامی مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ تحریک انصاف کے عہدیداران کے لئے میرے دروازے کھلے ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے ماضی کی خرابیوں کو درست کیا ہے۔ بوسیدہ نظام عوام کی فلاح کیلئے نہیں بلکہ اشرافیہ کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔ وزیراعلی نے چونیاں میں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد‘ بہاولپور کے قریب سکول وین اور ٹرک میں تصادم کے باعث بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔عثمان بزدار نے سماجی انصاف کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دین اسلام سماجی انصاف‘ مساوات و پرامن بقائے باہمی کی تلقین کرتا ہے۔ پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ نے انسانیت کے ساتھ ہر لحاظ سے انصاف کرنے کا لافانی پیغام دیا ہے۔
ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ناقابل برداشت ، ہر ضلع میں جاکرمسائل حل کر رہاہوں: عثمان بزدار
Feb 20, 2021