ایران مکمل پاسداری کرے تو ایٹمی معاہدہ میں دوبارہ شامل ہوجائینگے : امریکہ 

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی بحالی کے حوالے سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی سیکرٹری سٹیٹ انٹونی بلنکن نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی بحالی پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران جوہری معاہدے کی مکمل پاسداری کرے تو واشنگٹن دوبارہ معاہدے میں شامل ہوجائے گا۔ پیرس میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں امریکی سیکرٹری سٹیٹ نے ویڈیو کال کے ذریعے شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے جوبائیڈن کی جانب سے ایران کیلئے واضح پیغام کو دہراتے ہوئے کہا کہ ایران معاہدے میں شامل ہونا چاہتا ہے تو اسے 2015ء کے جوہری معاہدے کے شرائط کو پورا کرنا ہوگا۔  میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا نے یورپی یونین کی جانب سے ایران سے متعلق جوہری معاہدے کی بات چیت کی دعوت کو قبول کر لیا ہے۔ دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ امریکہ  پابندیاں اٹھائے ہم جوہری پروگرام سے متعلق اقدامات واپس لینے کے لئے تیار ہیں۔  امریکی  عندیہ کے بعد ایران نے بھی معاہدہ کی شرائط پر مکمل عمل درآمد کا عندیہ دیا ہے۔ ٹوئٹر پر جواد ظریف کا کہنا ہے کہ اگر امریکا تمام پابندیاں اٹھا دے تو ایران فوری طور پر جوہری پروگرام سے متعلق تمام اقدامات واپس لے گا۔

ای پیپر دی نیشن