نھارت اپنے اندرونی تضادات کی وجہ سے جلد ٹوٹ جائے گا مقررین 

لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان میں ہم دین اسلام کے مطابق زندگی بسر کرنے میں آزاد ہیں جبکہ بھارت میں مسلمانوں کو صرف مسلمان ہونے کی پاداش میں سڑکوں پر قتل کیا جارہا ہے۔ پاکستان ایک تحفۂ خداوندی ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہیے کیونکہ اسی کی بدولت ہم دنیا میں سر اٹھا کر چل سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین آستانہ عالیہ سندر شریف پیر سید محمد حبیب عرفانی نے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام 13ویں سالانہ سہ روزہ نظریۂ پاکستان کانفرنس کی تیسری نشست میں ’’نظریۂ پاکستان… بھارت میں ہندوتوا کے غلبے کے تناظر میں‘‘ کے موضوع پر اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ ایوانِ قائداعظمؒ میں منعقدہ اِس کانفرنس کا کلیدی موضوع ’’ہماری منزل…پاکستان کا تابناک مستقبل ہے۔‘‘ نشست کا آغاز تلاوت قرآنِ مجید‘ نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔ تلاوت کی سعادت حافظ عظیم لیاقت جبکہ نعت رسول مقبولؐ حافظ سید ظل حیدر نے پیش کی۔ نشست کی نظامت کے فرائض نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے ادا کیے۔ اس موقع پر معروف مذہبی سکالر بیگم خالدہ جمیل اور تحریک تکمیل پاکستان کے رہنما لیاقت علی قریشی بھی موجود تھے۔ پیر سید محمد حبیب عرفانی نے کہا صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ عہد حاضر میں پوری دنیا کے مسلمان مرگ مفاجات کا شکار ہیں۔ پاکستان کی مخالفت میں اغیار کے علاوہ کچھ اسلامی ممالک بھی شامل ہیں۔  تقسیم ہندوستان سے قبل جن مسلمانوں کا ہندوئوں سے واسطہ رہا‘ انہیں بخوبی اندازہ تھا کہ مسلمان اور ہندو کبھی اکٹھے نہیں رہ سکتے۔ افسوس تو اِس پر ہے جب تحریک پاکستان عروج پر تھی‘ تب کچھ مسلمان مذہبی عناصر نے آل انڈیا مسلم لیگ کی بجائے ہندو کانگریس کا ساتھ دیا اور قائداعظمؒ کی ذات پر رکیک حملے کئے۔ وطن عزیز کے اسلامی نظریاتی تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین میاں فاروق الطاف نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی تضادات کے باعث جلد ٹوٹ جائے گا۔ قائداعظمؒ کو تائیدایزدی حاصل تھی اس لیے برطانوی سامراج‘ متعصب ہندو‘ کانگریس اور مٹھی بھر عاقبت نااندیش وطن پرست مسلمانوں کو شکست دے کر پاکستان حاصل کرلیا۔ نظریۂ پاکستان فورم ملتان کے صدر پروفیسر حمید رضا صدیقی نے کہا بھارت کی موجودہ حکومت تاریخ کو مسخ کرکے مسلمان دشمنی کو ہوا دے رہی ہے۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے  کہا نریندرا مودی کے دور حکومت میں مسلمان دشمن اقدامات کے باعث قائداعظم محمد علی جناحؒ کا دو قومی نظریہ سچ ثابت ہوگیا ہے۔ انہوں نے پیر سید محمد حبیب عرفانی کی تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد محترم سید وجیہہ السیماء عرفانی نے تحریک پاکستان کے دوران قائداعظمؒ کے سپاہی کا کردار ادا کیا اور بعدازاں سرگرم کردار ادا کیا۔ نشست کے اختتام پر پیر سید محمد حبیب عرفانی نے پاکستان کے ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کرائی۔

ای پیپر دی نیشن