ججز بلاخوف انصاف فراہمی کیلئے کردار ادا کریں: جسٹس انوار الحق

Feb 20, 2021

ننکانہ صاحب (نامہ نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے ڈسٹرکٹ کورٹس ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ عوام الناس کو میرٹ پر جلد انصاف مہیا کرنے اور کیسوں کو بروقت نپٹانے کی ہدایت کی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جسٹس لاہور ہائیکورٹ انوار الحق پنوں نے ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ صاحب کا دورہ کیا جہاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ننکانہ صاحب منظر علی گل و دیگر جج صاحبان نے   انکا  استقبال کیا اور  گلدستے پیش کیے۔ جسٹس انوار الحق پنوں نے ڈسٹرکٹ ننکانہ صاحب کے ججز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہمارا فرض ہے، عوام الناس کے لیے آسانیاں پیداکریں اللہ آپ کے لیے آسانی کرے گا۔ تمام ججز صاحبان بلاخوف و خطرعوام الناس کو انصاف کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کریں، کیس کو پڑھے بغیر خارج مت کریں۔ اس موقع پر ضلع بھر کے جج صاحبان سے تعارفی ملاقات بھی کی گئی۔ جسٹس لاہور ہائیکورٹ انوار الحق نے ڈسٹرکٹ کورٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے انگلش برانچ، فوجداری برانچ، کیس مینجمنٹ سسٹم،کمپیوٹر لیب سمیت دیگر نئی تعمیر ہونے والی برانچوں کا افتتاح کیا۔

مزیدخبریں