سرمایہ کار لائیو اسٹاک کیلئے سی پیک سے فائدہ اٹھائیں، عبدالباری پتافی 

Feb 20, 2021

کراچی(کامرس رپورٹر)سندھ کے وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریزعبدالباری پتافی نے کہا ہے کہ دنیا کے بدلتے ہوئے حالات بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر سے پاکستان میں لائیو اسٹاک کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع پیدا ہورہے ہیں۔ پوری دنیا میں لائیو اسٹاک کے شعبہ کو سرمایہ کاری کے لیے اہمیت دی جارہی ہے، نجی شعبہ لائیو اسٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے آگے آئے سندھ حکومت ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔ صوبائی وزیر عبدالباری پتافی نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ڈیلفا کیٹل شو کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو 21سے 23مارچ کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا۔تقریب سے صوبائی سیکریٹری لائیو اسٹاک اینڈ فشریز اعجاز احمد مہیسر، ایڈیشنل سیکریٹری لائیو اسٹاک اینڈ فشریز بلوچستان عنایت اللہ، ملیر سے منتخب رکن قومی اسمبلی اغا رفیع اللہ، انسٹی ٹیوٹ آف اینمل ہیلتھ سندھ کے ڈی جی نصیر حسین کھوڑو، سی ای ڈی ایف کے سی ای او محبوب الحق، بی بوائٹ کی ریجنل منیجر فرح دیبہ نے بھی خطاب کیا۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز عبدالباری پتافی نے کہا کہ خورا ک کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر لائیو اسٹاک سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت بھی بڑھ گئی ہے۔ کیٹل شو جیسے ایکسپو فارمرز کے لیے نئے مواقع مہیا کرتے ہیں اور سندھ میں لائیو اسٹاک سیکٹر کی ترقی کی رفتار تیز کرنے میں بھی ایسے ایکسپوز اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا لائیو اسٹاک کا شعبہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ اس کا کریڈٹ سندھ کے فارمرز کو جاتا ہے جو اپنے طور پر آگے بڑھ رہے ہیں۔

مزیدخبریں