کراچی(کامرس رپورٹر) انڈس موٹر کمپنی ( آئی ایم سی ) نے ٹویوٹا سمارٹ پرچیز پورٹل متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے صارفین کمپنی کی متنوع مصنوعات میں سے کسی بھی پراڈکٹ کو آن لائن خرید سکیں گے اور انہیں ڈیلرشپ کا وزٹ کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔ ٹویوٹا سمارٹ پرچیز پورٹل پاکستان میں آن لائن بکنگ اور ادائیگی کیلئے کسی بھی آٹو موبائل کمپنی کی طرف سے متعارف کرایا جانے والا پہلا مربوط نظام ہے۔ یہ صارفین کو ان کے گھر کی دہلیز پر کسی بھی وقت ان کی سہولت کے مطابق پراڈکٹ کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے ۔سی ای او آئی ایم سی ، علی اصغر جمالی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’ ون سٹاپ ٹویوٹا سمارٹ پرچیز پورٹل خریداری کے رحجان کو ایک نئی نہج پر لے جائے گا۔ صارفین کو اپنے گھروں یا دفاتروں میں محفوظ رہتے ہوئے آسانی کے ساتھ یہ آسائش حاصل ہوگی کہ وہ صرف چار مراحل میں اپنی پسندیدہ ٹویوٹا کے کسی بھی پراڈکٹ کو بک کراسکتے ہیں۔انہوں نے کہا مزید کہا’’ صارفین کی آسانی اور سہولت کو اولیت دینا ٹویوٹا کے ’’ پہلے صارف ‘‘ کے اصول کی بنیاد ہے۔ کورونا وائرس کی وبا نے ہماری سوچ کے طریقہ کار کو مکمل طور پر تبدیل کردیا ہے اور کائزن کے ذریعے نئے معمول کو اختیار کرنا اور ٹیکنالوجی کا بہتر استعمال وقت کی ضرورت ہے۔‘‘