کراچی (خبر نگار)سیکریٹری بلدیات سندھ نجم شاہ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے جمعہ کے روز کراچی چڑیا گھر کا تفصیلی دورہ کیا اور چڑیا گھر میں ہونے والے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، میٹروپولیٹن کمشنر سید افضل زیدی، اسپیشل سیکریٹری برائے لوکل گورنمنٹ محمد نجیب، سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن منصور قاضی، ڈائریکٹر چڑیا گھر خالد ہاشمی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، اس موقع پر مختلف احکامات جاری کئے گئے اور ریچھ کے نئے ماحول دوست جنگلے کی تعمیر کا آغاز پیر سے کرنے جبکہ عارضی طور پر ریچھ کو دوسرے جنگلے میں منتقل کرنے اور اس کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ اس کام کا آغاز آج ہی سے کردیا جائے ، سیکریٹری بلدیات اور ایڈمنسٹریٹر کراچی نے چڑیا گھر میں ہونے والی نئی تعمیرات کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ چڑیا گھر میں بنائی جانے والی نئی دکانوں کا نیلام عام فوری کیا جائے اور نئے داخلی راستوں سے شہریوں کے چڑیا گھر میں داخلے کا آغاز کیا جائے اور گاڑیوں کی پارکنگ بھی نئے پارکنگ ایریا میں کی جائے، اس موقع پر پروجیکٹ کنسلٹنٹ نے چڑیا گھر کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے کے لئے بنائی گئی PC-1 کے مطابق تمام کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ جو کام مکمل ہوچکے انہیں فوری چڑیا گھر کی انتظامیہ کے حوالے کرکے نئے کاموں کے لئے PC-1 تیار کیا جائے تاکہ چڑیا گھر کے ترقیاتی کاموں کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جاسکے، ان کاموں کی نگرانی کے لئے سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن منصور قاضی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کام کی رفتار اور معیار کی نگرانی کے ساتھ ساتھ تمام ترقیاتی کاموں سہولیات کی فراہمی کی ذمہ دار ہوگی۔