سینیٹر مشاہد اللہ خان کا انتقال پارٹی کے لئے سانحہ عظیم ہے‘ سلمان خان 

کراچی (نیوزرپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن کے صدر انجینئر سلمان خان نے کہا ہے کہ سینیٹر مشاہد اللہ خان کا انتقال سے پارٹی ایک سچے نظریاتی اور جانثار رہنما سے محروم ہوگئی ان کا انتقال پارٹی کے لئے سانحہ عظیم سے کم نہیں۔ انکی پارٹی خدمات کے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ضلع کیماڑی کے صدر محب اللہ خان کی رہائش گاہ پر پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انجینئر سلمان خان نے کہا کہ سینیٹر مشاہد اللہ خان کی سیاسی جدوجہد تاریخ کا ایک حصہ ہے۔ انہوں نے اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز مزدور رہنما کی حیثیت سے شروع کیا اور بہت جلد اپنی سیاسی بشارت کی بنا پر سیاسی میدان میں وہ اعلی مقام حاصل کیا جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں ان کی آواز کو بڑی اہمیت حاصل تھی۔ ہر مشکل گھڑی میں پارٹی کے ساتھ رہے بالخصوص فوجی آمرانہ ادوار میں جمہوریت کے استحکام اور پارلیمنٹ کی بالا دستی کے لئے سیسہ پلائی دیوار بن کر ان کے سامنے ڈٹے رہے پارلیمنٹ میں ان کی دبنگ آواز سے مخالفین پر لرزہ طاری ہوجاتا تھا۔ عوام دشمن فیصلوں کے خلاف انہوں نے ہمیشہ آواز بلند کی اور اپنی پارٹی کے قائد نواز شریف کے بیانیئے کو دوام بخشا۔ ان کا انتقال پارٹی کا بہت بڑا نقصان ہے۔ اس موقع پر مرحوم سینیٹر مشاہد اللہ خان کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی میں عصمت انور محسود، چوہدری جمیل، سعید ہزاروی، حبیب الرحمن، محمد رفیق خان، میاں خالد رفیق، رانا شاہد، حبیب محسود، خواتین میں مہناز اختر اور بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن