کراچی/ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ اپنے سٹاف رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) فیصل واوڈا کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی سینٹ کی نشست پر پی ٹی آئی اور پی پی پی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ سینٹ کی خالی جنرل نشست پر کاغذات نامزدگی جمع اور وصول کرنے کا وقت ختم ہونے تک پی ٹی آئی اور تحریک انصاف کی جانب سے ہی کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ تحریک انصاف کی جانب سے علی پلھ، شوزیب کپاڈیا، ارسلان آغا، امان قاضی اور طاہر شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست21 فروری کوجاری کی جائیگی، سکروٹنی 24 فروری تک ہوگی۔ حتمی فہرست3 مارچ کو جاری کی جائے گی جبکہ خالی نشست پر 9 مارچ کو صبح9 سے شام4 بجے تک سندھ اسمبلی کی عمارت میں پولنگ ہوگی۔ اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق سینٹ میں تحریک انصاف نے نشست جیتنے کی منصوبہ بندی کو ختمی شکل دیدی کاغذاتی نامزدگی کی پڑتال کے عمل کی تکمیل کے بعد حمتی امیدوار کا تعین کیا جائے گا۔ اسلام آباد سے خصوصی رپورٹر تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے اپنی نااہلی کے خلاف اپیل کی جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا اپیل زیر التواء ہے نشست پر دوبارہ انتخابات کا اعلان کر دیا گیا اگر سپریم کورٹ نے فوری سماعت نہ کی تو ناقابل تلافی نقصان ہونے کیساتھ ساتھ درخواست کے غیر مؤثر ہونے کا بھی خدشہ ہے درخواست کو 21 فروری کو شروع ہونیوالے ہفتے میں سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔