اسلام آباد+لاہور (خبر نگار+نیوز رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرول بم گرانے کے بعد اب بجلی 6 روپے سے زائد مہنگی کی جارہی ہے، عوام کو مہنگا ترین وزیراعظم قبول نہیں اس لئے گھر جائیں، عمران نیازی عوام کی مزید بد دعائیں لینے کی بجائے پٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیں۔ خدا کا خوف کریں پہلے ہی پٹرول میں ظالمانہ اضافے سے آٹا چینی، کرائے سمیت ہر چیز کی قیمت کو آگ لگ چکی ہے، پٹرول کی فی لٹر قیمت 12 روپے اضافے کے بعد پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں 4 روپے اضافہ عوام پر ایک اور ظلم ہے، حکومت آئی ایم ایف کے مفاد میں قانون سازی کرلیتی ہے لیکن عوام کے ریلیف کیلئے دوتہائی کا جھوٹ گھڑ لیتی ہے، عمران نیازی اتحادیوں کو وزارتوں کا ریلیف دے سکتے ہیں لیکن عوام کو ریلیف دینے کیلئے کچھ نہیں۔ رواں مالی سال کے سات ماہ میں خام تیل اور آئل امپورٹ بل 11.7 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچنا تباہی کا تسلسل ہے، انرجی امپورٹس میں 125 فیصد کا ہوشربا اضافہ باعث تشویش ہے، کاروباری برادری پریشان ، عوام بے حال اور حکمران حالت انکار میں ہیں۔ حکومت کو عالمی منڈی میں صرف اضافہ نظر آتا ہے کمی نظر نہیں آتی، عوام کو ریلیف تو نہ مل سکا پونے چار سال سے حکومت صرف بہانے اور پیسے بنا رہی ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے کی نہ نیت رکھتی ہے نہ اہلیت، اس سے نجات سے ہی عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔ ملک اور عوام کا معاشی دیوالیہ اور حکمرانوں کی آمدن میں اضافہ ہوچکا ہے، حکمران مہنگائی کو قابو کرنے کے بجائے مخالفین اور ناقدین کو قابو کرنے میں مصروف ہے جو افسوسناک ہے ،عوام کا چولہا نہیں جل رہا بلکہ ان کا دل جل رہا ہے، عوام کی سانس بند کرنے والے اقتدار میں رہنے کا حق کھو چکے ہیں ،عوام صرف اور صرف عمران نیازی سے نجات چاہتی ہے، عوام کی خواہشات کو ہم پورا کریں گے۔