کرناٹک + واشنگٹن + کویت سٹی (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک سکول نے حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج کرنیوالی طالبات کو معطل کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جمعہ کے روز ریاست کرناٹک کے ضلع شیواموگا میں طالبات نے حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ سکول کے سامنے احتجاج کرنے والی 58 طالبات کا مطالبہ تھا کہ انہیں کلاس رومز میں باحجاب بیٹھنے کی اجازت دی جائے کیونکہ حجاب ان کا حق ہے اور وہ جان دے دیں گی مگر حجاب نہیں چھوڑیں گی۔ سکول انتظامیہ نے احتجاج کرنیوالی ان تمام طالبات کو معطل کردیا۔ سکول کی حدود میں داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حجاب کیلئے احتجاج کرنے پر دیگر مظاہرین کو بھی گرفتار کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کرناٹک کے سرکاری کالج کی باحجاب طالبات کوکالج میں داخل ہونے سے روکنے پراحتجاج کرنے والی 10 طالبات کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔کرناٹک میں حجاب پرپابندی کے خلاف طالبات کا کیس کرناٹک ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے۔ کرناٹک کے علاوہ بھارت کی دیگر ریاستوں میں بھی حجاب کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔ حجاب پہننے پر پابندی کے خلاف بھارتی نژاد امریکی مسلمانوں نے ٹیکساس کے شہر ہوسٹن میں احتجاج کیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سو سے زیادہ افراد نے جن میں خواتین کی ایک بڑی تعداد شامل تھی کرناٹک حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلم طالبات کے ساتھ امتیازی سلوک کو فوری طور پر بند کرے۔ بھارتی ریاست کرناٹک میں حجاب پر پابندی کے خلاف کویت کے ارکان پارلیمنٹ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان پر کویت میں داخلے پر پابندی کا مطالبہ کر دیا۔ بھارتی ریاست کرناٹک میں حجاب پر پابندی کیخلاف ارکان کویتی پارلیمنٹ نے سپیکر کو خط لکھ دیا۔ دوسری جانب رکن بھارتی پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا ہے کہ بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا اور حکومتی اقدامات نہ کرنے کے اثرات سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر کارروائی نہ کی گئی تو ہمیں بین الاقوامی دوست بنانے میں مشکل ہو گی۔