بیجنگ/ واشنگٹن/ میونخ (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے میونخ میں سکیورٹی کانفرنس سے خطاب میں کہا امریکہ اور مغربی ممالک روس کے خدشات کا احترام کریں۔ کیا نیٹو کے مشرقی کی جانب پھیلاؤ سے یورپ میں امن قائم ہوگا؟ یوکرائنی فورمز اور روس نواز باغیوں میں جھڑپیں شروع ہو چکی ہیں۔ ایک یوکرائنی فوجی ہلاک ہو گیا۔ دونوں ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں۔ ادھر جرمن جنگی طیارے نیٹو مشن پر رومانیہ پہنچ گئے۔ 3 جنگی طیارے اور 60 فوجی اہلکار میخائیل ایئر بیس پر قیام کرینگے، امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرائن کشیدگی پر مغربی رہنماؤں کے ساتھ رابطے تیز کردیئے ہیں۔ امریکی نائب صدر کاملہ ہیرس نے میونخ میں سکیورٹی کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ روس نے یوکرائن پر حملہ کیا تو روس پر سخت معاشی پابندیاں لگائیں گے۔ یوکرائن کے صدر ولودومیزر بلینکی نے میونخ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب میں کہا یوکرائن امن کا خواہاں ہے۔ ہم گھبرانے والے نہیں روس کے ساتھ کسی بھی پلیٹ فارم پر بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ نہیں معلوم روسی صدر کیا چاہتے ہیں۔ میدان جنگ سے پہلے سٹوڈیو میں لڑائی ہوگئی۔ یوکرائنی ٹی وی کے لائیو شو کے دوران مہمان ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہو گئے۔ یوکرائن تنازعہ کے معاملے پر صحافی نے روس کے حامی سیاستدان کی ٹھکائی کر دی۔ مکوں اور تھپڑوں کا استعمال کیا گیا۔ امریکہ اور روس کی کشیدگی برقرار ہے۔ روس نے یوکرائن پر سائبر حملوں کا الزام مسترد کر دیا۔ روس نے جوہری مشقیں شروع کر دیں۔ فضائیہ کی جانب سے ہائپر سانک کروز میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔ روسی وزارت دفاع نے ویڈیو جاری کر دی۔ یوکرائن پر روس کے ممکنہ حملے کے خدشے کے پیش نظر جرمن ائیر لائن لفتھانزا نے یوکرائن کے لئے پروازیں روکنے کا اعلان کر دیا۔ اپنے شہریوں کو یوکرائن چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ماسکو نواز جنگجوؤں سے جھڑپ ، یوکرائنی فوجی ہلاک ، روس کے خدشات دور کئے جائیں : چین
Feb 20, 2022