مہنگائی کے مسلسل ڈرون حملوں نے جینا محال ‘ سیاسی ‘گھریلو خواتین 

Feb 20, 2022

لاہور (لیڈی رپورٹر) خواتین نے زود افزوں بڑھتی مہنگائی پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے گھر واپس جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ نوائے وقت سروے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام پر پٹرول بم اور بجلی گرانا بند کرے۔ مسلم لیگ ن کی خواتین ارکان پنجاب اسمبلی کنول لیاقت اور حنا بٹ نے کہا کہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے،  مہنگائی کا سیلاب عوام کیلئے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ ساڑھے تین سالوں میں حکومت نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی فائزہ ملک اور نجمی سلیم نے کہا کہ ہوشربامہنگائی کے باعث بنیادی ضروریات سے محروم ہوکر لوگ بچوں سمیت خود کشیوں پر مجبور ہیں۔ ایک طرف وزیر اعظم کہتے ہیں ہم عوام کے مسائل سے باخبر ہیںاور ملک ترقی کررہا ہے مگر دوسری طرف عوام پرمسلسل مہنگائی کے ڈرون حملے جاری ہیں۔ کسی کو عوام کی پرواہ نہیں سب اپنی کرسی مضبوط کرنے اور ملک کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ گھریلو خواتین ہاجرہ سلیمان اورصائمہ ندیم نے کہا کہ متوسط طبقے کیلئے سفید پوشی کا بھرم رکھنا ناممکن ہوکر ہوگیا ہے۔ گھریلو بجٹ تباہ ہو کر رہ گیا۔ عوام بھوک سے مررہے ہیں مگر حکمرانوں کو اسکی کوئی فکر نہیں۔ محنت کش خواتین ثریا اور ناصرہ نے کہا کہ دس گھنٹے سے زائد کام کے باوجود دو وقت کی روٹی کا حصول ممکن نہیں  پٹرولیم  مصنوعات کی قیمتوںمیں ہوشربا اضافے کے بعد ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے۔ بچوں کو پڑھا سکتے ہیں نہ وہ وقت کی روٹی کھلا سکتے ہیں‘ حکمران عوات پر رحم کریں۔

مزیدخبریں