کراچی (نیوز رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن ووفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ سیاسی و علاقائی امتیاز سے بالاتر ہوکر موبائل رابطوں اور براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی، جامعات و اکیڈمیز کے ساتھ مل کر آئی ٹی تربیت و جدید علوم سے آگاہی سمیت مختلف اقدامات کو شامل کیا، آئی ٹی خدمات کی برآمدات بڑھانے کیلئے عملی کوششوں کے نتیجے میں اس وقت 47 فیصد اضافے کے ساتھ آئی ٹی ایکسپورٹ سوا دو ارب سے تجاوز کرچکی ہے۔ انھوں نے یہ بات ہفتے کو کراچی میں محمد علی جناح یونیورسٹی میں سام سنگ انوویشن پروگرام کے اختتامی سیشن اور آئی بی ای سی ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرماہرین تعلیم ڈاکٹر سجاد حسین، قاضی نعمان،عماد علی بگھیو، ڈاکٹر امبر میر، آصف ارشد، محمد نواز اور عبداللہ فیروز سمیت اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ وفاقی وزیر نے 50 ممالک کے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے محمد وصی کو گولڈ میڈل عطا کیا۔ سید امین الحق کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کیلئے دور دراز کے مقامات میں ڈھائی کروڑ افراد کو کنکٹیوٹی فراہمی کیلئے 44 ارب روپے سے 49 پراجیکٹس شروع کیئے جس میں صرف سندھ کیلئے 12 ارب روپے سے زائد کے پراجیکٹس بھی شامل ہیں،اسی طرح ملک میں کم قیمت تھری و فورجی اسمارٹ فونز کی تیاری کیلئے تمام بنیادی اقدامات و پالیسی کو حتمی شکل دیتے ہوئے اس انڈسٹری کا آغاز کیا۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کو پیپر لیس کرنے کے بعد جلد ہی قومی اسمبلی و سینٹ کو بی پیپرلیس کردیا جائے گا، واٹس ایپ طرز پر جدید و محفوظ بیپ پاکستان ایپلی کیشن تیار کرلی گئی ہے جس کی آزمائش کا مرحلہ طے ہونے کے بعد ابتداء میں سرکاری ملازمین اور بعد ازاں عوام کیلئے اسے لانچ کردیں گے۔ امریکہ کے 911 طرز پر ایمرجنسی ریسپانس سینٹر تشکیل دے رہے ہیں صرف ایک نمبر ڈائل کرنے سے پولیس، فائر بریگیڈ، ایمبولینس سمیت تمام ایمرجنسی سروسز مہیا ہوسکیں گی۔سید امین الحق کا کہنا تھا کہ فائیو جی لانچ کرنے کیلئے تمام ابتدائی مراحل طے کرلیئے گئے ہیں 2023 فائیو جی کا سال ہوگا۔ ہماری جماعت متحدہ قومی موومنٹ خواتین کو باختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے اپنی وزارت اور آئی ٹی منصوبوں میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنارہے ہیں، وزارت میں شفافیت و میرٹ کا معیار یہ ہے کہ جس وقت جو چاہے آکر ہماری کارکردگی اور امور کا جائزہ لے سکتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ آج کا نوجوان نوکری مانگنے کہیں نہیں جائے بلکہ اسے آئی ٹی کے شعبے میں وہ تربیت حاصل ہوکہ وہ خود اپنا کام بھی شروع کرے اور دوسروں کو نوکریاں فراہم کرنے کا سبب بھی بنے،ہمیں خوشی ہے کہ فری لانسرز اس ضمن میں اپنا مؤثر کردار نبھا رہے ہیں جبکہ فری لانسنگ کے فروغ کیلئے مختلف تربیتی پروگرامز بھی جاری ہیں اسی طرح گیمنگ، اینیمیشن، آرٹیفشل انٹیلی جنس، بلاک چین سمیت جدید دنیا کے تقاضوں کے تحت اہم پروگرامز کی تربیت کیلئے کراچی یونیورسٹی سمیت مختلف جامعات واکیڈمیز کے اشتراک سے پروگرامز شروع کردیئے گئے ہیں،قبل ازیں اپنے استقابلیہ خطاب میں محمد علی جناح یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر زبیراحمد شیخ نے کہا کہ ہماری یونیورسٹی سندھ کی رینکنگ میں اول نمبر پر ہے، سام سنگ کے تحت آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ڈیٹا سائنسز کی تربیت یونیورسٹی میں فراہم کی گئی، سام سنگ جامعہ کے 30 کامیاب طلبہ کو ملازمتیں بھی فراہم کرے گا،انھوں نے اس موقع پر سیپٹک کے تعاون سے محمد علی جناح یونیورسٹی کے لیئے 5 اسکالر شپس کا بھی اعلان کیا۔