علی پور+علی والی (سیلم عباس مستوئی سے) روزنامہ نوائے وقت ‘ غریب خاندان کا سہارا بن گیا‘تصویر کی اشاعت پر معروف این جی او مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کا وفد بے سہارا غریب تبسم کے گھر امدادی سامان لے کر پہنچ گیا ۔تعلیم جاری رکھنے کے لئے کتابیں‘ کاپیاں‘ قیمتی بیگ‘ یونیفارم‘ اورفروخت کرنے کے لئے ہزاروں روپے مالیت کے سامان کا تحفہ ‘ تبسم کی والدہ کاروتے ہوئے کثیر امدادپر اظہار تشکر ۔ تفصیلات کے مطابق تین فروری کو روزنامہ نوائے وقت ملتان نے تصویر شائع کی جس میں دوسری جماعت کی طالبہ تبسم جو سکول ٹائم کے بعد ریڑھی پر چند اشیاء رکھ کرفروخت کر رہی ہے اورریڑھی پربیٹھی گہری سوچ میں گم ہے کہ خالی ریڑھی میرے بہن بھائیوں اور ماں کا پیٹ کیسے پالے گی ‘تبسم کی خالی ڈبوں میں چند اشیاء کی تصویر کی اشاعت نے دردِدل رکھنے والوں کے دل ہلا دئیے۔ برطانیہ میں مقیم مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے چیئرمین سیدلخت حسنین نے کنٹری ڈائریکٹر سید ضیاء النورکو فوری امداد دینے کا حکم دیا ‘جس کے بعد ملتان آفس کے منیجر محسن اسحاق اور ایڈمن آفیسر عامر شہزاد نمائندہ نوائے وقت سے معلومات لے کر تبسم کے گھر پہنچ گئے‘ غریب بچی کو ہزاروں روپے مالیت کی اشیاء دیں تا کہ وہ ریڑھی پر فروخت کرسکے تاکہ انکا گزر بسر اچھا ہو سکے‘ اس کے علاوہ مسلم ہینڈز کی ٹیم نے تبسم اور اس کے بہن بھائیوں کی تعلیم کو جاری رکھنے کیلئے یونیفارم اور من پسند بیگ خرید کر دئیے ۔مسلم ہینڈز کی ٹیم نے انہیں تعلیم جاری رکھنے اور دیگر امداد بھجوانے کا وعدہ بھی کیا۔