کوئٹہ ( آئی این پی ) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء سنیئر وزیر خزانہ حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ بی اے پی عوامی خدمت کے ایجنڈے کو صوبے کے کونے کونے تک پھیلائے گی بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے وزیراعلیٰ میرعبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میںصوبے میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگیا ہے حکومت نے نہ صرف صوبے کی معاشی حالت کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی بلکہ لوگوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کررہے ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ ، رکن قومی اسمبلی احسان اللہ ریکی ، سابق صوبائی وزیر مجیب الرحمن محمد حسنی سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں ، امن وامان سمیت دیگر امورپرتبادلہ خیال کیا گیا سنیئر صوبائی وزیر خزانہ حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ وزیر اعلیٰ میرعبدالقدوس بزنجو کی جراتمنداور محنتی قیادت میں فلاح و ترقی کے ایسے تاریخ ساز اقدامات کیے جارہے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملے گی ۔سنیئر صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ صوبے میں تعلیم ،صحت ، انفراسٹرکچر اور پینے کے صاف پانی کے منصوبوں پر پسماندہ علاقوں کے لوگوں کازیادہ حق ہے حکومت یہ حق ہر صورت پسماندہ علاقوں کے شہریوںکو دے گی ان علاقوں میں جاری سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیاجائے گا۔
عوامی خدمت بی اے پی کا ایجنڈا ہے ،کونے کونے تک پھیلائے گی: نورمحمد دمڑ
Feb 20, 2022