گھوٹکی کے مستحقین میں ضروری سامان تقسیم

Feb 20, 2022

میرپور ماتھیلو ( نامہ نگار ) ہمارا خواب، ہر گھر خوشحال، پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھوٹکی تعلقہ کی بیوہ خواتین میں سلائی مشینیں، سولر پلیٹیں اور پنکھے تقسیم کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی سردار محمد بخش خان مہر نے  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقے کے مستحق خاندانوں کو معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے میرٹ کی بنیاد  پر گھوٹکی کی بیوہ خواتین اور یتیم بچیوں میں سلائی مشینیں تقسیم کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنا گذر  بسر کر سکیں جبکہ مستحق خاندانوں میں سولر پلیٹیں اور پنکھے بھی تقسیم کئے گئے ہیں کیوں کہ مہنگائی کے اس طوفان میں غریب لوگ بجلی کے زیادہ  بل ادا نہیں کرسکتے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد عثمان عبداللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ علاقے کے مستحق لوگوں کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے، انہوں نے بتایا کہ خالص میرٹ کی بنیاد پر بیواہ خواتین اور یتیم بچیوں کا انتخاب کیا گیا جو کہ انتہائی ضرورتمند ہیں، جنہیں 150 سلائی مشینیں فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ اپنا گذر سفر کرسکیں جبکہ 114 مستحق خاندانوں میں 114 سولر پلیٹیں اور 114 پنکھے تقسیم کئے گئے ہیں. تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر گھوٹکی اعجاز احمد ہالیپوٹو، مختیارکار شاہد حسین  دایو، مختیارکار خالد حسین  لانگاہ و دیگر نے شرکت کی۔

مزیدخبریں