اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان روسی صدر ولادی میرپیوٹن کی دعوت پر روس کا دورہ رواں ماہ کریں گے جبکہ روس سے واپسی پر ایم کیو ایم (پاکستان) کی قیادت سے ملاقات کیلئے کراچی بھی پہنچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے متحدہ کی قیادت کو دورۂ کراچی اور بہادر آباد آمد سے مطلع کردیا جبکہ کراچی کا دورہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی ممکنہ تحریکِ عدم اعتماد کو ناکام بنانے کی پالیسی کا حصہ ہے۔وزیر اعظم نے اپوزیشن کے لانگ مارچ اور ممکنہ تحریکِ عدم اعتماد سے نمٹنے کی تیاری کرلی۔ بہادر آباد آمد کے موقعے پر گورنر سندھ، سینئر وزراء اور تحریکِ انصاف کی مرکزی قیادت بھی موجود ہوگی۔ممکنہ تحریکِ عدم اعتماد، لانگ مارچ اور دیگر حکومت مخالف اقدامات سے نمٹنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان آئندہ چند روز میں اتحادی سیاسی جماعتوں کی مرکزی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کے دوران کراچی کے ترقیاتی منصوبوں اور متحدہ قیادت کے تحفظات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ وزیر اعظم اتحادی سیاسی جماعت کو حکومتی پالیسیوں پر اعتماد میں لیں گے۔