عمران کا خوف ‘ حکمرانوں کی نیندیں حرام‘ جیل بھرنے کیلئے کارکنوں کا جذبہ دیدنی: پرویزالٰہی


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے مسلم لیگ ق کے رہنما ساجد احمد خان بھٹی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور قانونی معاملات پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر نادر دوگل ایڈووکیٹ، خبیب بلوچ بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کے خوف نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں، ن لیگ کا سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ کرنے کی ہمت نہیں، پنجاب کا سیاسی میدان بھی عمران خان کے نام ہو چکا ہے، ن لیگ پنجاب تو کھو ہی چکی تھی اب تخت لاہور بھی ان کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف تاریخ کے نااہل ترین حکمران ثابت ہو رہے ہیں، ان کی نااہلیوں کا بوجھ اٹھانے کیلئے مریم نواز بھی تیار نہیں، مریم نواز کی لندن سے واپسی پر ایک مرتبہ پھر ری لانچنگ بھی ناکام ہو گئی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں گرفتاریاں پیش کرنے کیلئے کارکنوں کا جوش و جذبہ دیدنی ہے۔ حکمرانوں کے انتقامی اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ قبل ازیں چودھری پرویزالٰہی نے ارشد شیخ کے صاحبزادے شیخ طلال کی دعوت ولیمہ میں شرکت کی۔ راسخ الٰہی، طلحہ یاسر اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 

ای پیپر دی نیشن