وزکرز نہیں ، ملک کا نقصان کرنے والوں کو جیل میں رکھیں گے ، رانا ثنا 

Feb 20, 2023


راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے عمران خان کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ جیل بھرنے کی تحریک شروع کرو تمہیں ایسا جواب دیں گے جو تمہارے گمان میں نہیں ہو گا۔ راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا ہم انتخابات سے گھبرانے والے نہیں ہیں، مسلم لیگ ن الیکشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہے لیکن ملک میں الیکشن ایک ہی وقت پر ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا ن لیگ اور نواز شریف نے ملک کو پہلے بھی بحرانوں سے نکالا، ملک کو جو مشکلات ہیں نواز شریف کی قیادت میں ن لیگ ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔ عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن پنجاب نے کہا عمران خان کا بنیادی ایجنڈا ملک میں افراتفری اور انارکی پھیلانا ہے، یہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے لیکن ہم نہیں چاہتے عمران خان کو ملک میں افراتفری اور انارکی پھیلانے کا کوئی مزید موقع ملے، ایک طرف جیل بھرو تحریک کا کہتا ہے اور خود بنکر میں چھپا بیٹھا ہے، جیل بھرو تحریک شروع کرو ایسا جواب دیں گے جو تمہارے گمان میں نہیں ہو گا، ہم جیلوں میں ان کو رکھیں گے جو ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں، ورکرز کو نہیں، عمرانی ٹولے کے ان بدبختوں کو جیل میں رکھیں گے جو ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ صدر مملکت کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر دستخط نہ کرنے کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا صدر کی شکل ایسی مسکین ہے کہ اسے دیکھ کر لگتا ہے بھیک مانگے گا۔ صدر عارف علوی نے آرڈیننس پر دستخط اسی لیے نہیں کیے کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کی ڈیل نہ ہو۔ رانا ثناء اللہ نے کہا پنڈی کے شیطان شیدا ٹلی اور اس کے بھتیجے دونوں کو ضمنی الیکشن میں ہرائیں گے۔ عمرانی فتنہ ملک میں افراتفری پیدا ہو کرنا چاہتا ہے۔ آج اگر دو صوبائی اسمبلیوں کے الگ الیکشن ہوجائیں اور چند ماہ بعد تین اسمبلیوں کا الیکشن ہو تو کیا سارا سال ہم الیکشن ہی کراتے رہیں گے۔  افراتفری کرنے والے عمرانی ٹولے کو دیکھیں یہ سات ماہ سے یہ جدوجہد کر رہا ہے کہ پاکستان کسی طرح ڈیفالٹ کرے۔

مزیدخبریں