شام:اسرائیل کے فضائی حملے،دعش کارروائیاں،بچوں خواتین سمیت 68ہلاک

Feb 20, 2023


دمشق (اے پی پی‘ نیٹ نیوز) شام کے دارالحکومت دمشق پر اسرائیل کے فضائی حملے میں 15 ‘ داعش کے حملوں میں 53 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔ العریبیہ نیوز کے مطابق  اسرائیل نے گزشتہ روز فضائی حملوں میں وسطی دمشق کے ایک رہائشی محلے کو نشانہ بنایا  جس کے باعث متعدد عمارتیں  تباہ ہو گئیں۔ شام کی فوج نے کہا اسرائیل کی فوج نے دارالحکومت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف میزائل داغے جس کے نتیجے میں دو فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔ اسرائیل نے حالیہ برسوں میں شام کے حکومتی کنٹرول والے علاقوں کے اندر اہداف پر سینکڑوں حملے کیے ہیں، لیکن شاذ و نادر ہی اسرائیلی حکام سرکاری طور پر ان کارروائیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔ بچوں اور خواتین کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی کہ داعش نے 36  افراد کو اس وقت ہلاک کیا جب وہ وسطی حمص میں واقع علاقے سوخنا میں کھمبیوں کا شکار کر رہے تھے۔ بچوں اور خواتین کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ رصدگاہ کا کہنا تھا کہ دیگر افراد حملے میں جانیں بچانے میں کامیاب ہو گئے۔ رصدگاہ کے مطابق اسی علاقے میں اسی طرح کے ایک اور حملے میں 16  افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ان میں زیادہ تر عام شہری تھے۔ مسلح افراد نے اس حملے میں درجنوں افراد کو اغوا کر لیا تھا اور ان میں سے 25 کو رہا کر دیا گیا تھا‘ تاہم دیگر کی  قسمت کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا۔

مزیدخبریں