میونخ، جرمنی (شِنہوا) چین اوربرطانیہ کے سینئرسفارت کاروں نے تعاون کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ(سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے خارجہ امور کمیشن کے دفتر کے ڈائریکٹر وانگ ای نے یہ عزم برطانوی سیکرٹری آف اسٹیٹ برائے خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور جیمز کلیورلی سے ملاقات کے دوران کیا۔ وانگ نے میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر کلیورلی سے کہا کہ چین اور برطانیہ کے درمیان کوئی جغرافیائی سیاسی تنازعات موجود نہیں ہیں اور دونوں معیشتیں ایک دوسرے سے فائدہ اٹھانے کی بڑی صلاحیت کے ساتھ ایک دوسرے کی حمایت کرتی ہیں۔ وانگ نے کہا کہ دونوں ملک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن ہیں جو کہ عالمی امن اور استحکام کو برقرار رکھنے کی مشترکہ ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ نے کہا کہ دونوں فریقوں کو چاہیے کہ ہر قسم کی رکاوٹوں کو دور کریں ، درست سمت پر قائم رہیں اور دو طرفہ تعلقات کی صحت مند ترقی کو فروغ د یں۔ وانگ نے برطانوی فریق پر زور دیا کہ وہ چین کی ترقی کو بامقصد اور منصفانہ طور پر دیکھیں۔ وانگ نے کہا کہ 1.4 ارب کی آبادی کے حامل ایک بہت بڑے ملک کی جدیدیت انسانی تہذیب کی ایک عظیم پیشرفت ہے اور دنیا کے لیے خطرے کی بجائے ایک بہت بڑا فائدہ ہے۔