سانگلہ ہل (نمائندہ خصوصی) محلہ اقبال پورہ میں زیر تعمیر مکان کی تہہ خانے کیلئے کھدائی کے دوران ملحقہ مکان کی چھت گر گئی، جس سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد ملبے تلے دب گئے، ریسکیو 1122 کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر ملبے سے 3 افراد کو زندہ نکال لیا، جبکہ 30 سالہ نعمان اور 10 سالہ طیب جاں بحق ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ میاں رفیق، ڈی پی او ننکانہ اعجاز رشید، اسسٹنٹ کمشنر مدثر ممتاز اور ڈی ایس پی ناصر نواز موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ ڈی سی نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم اور اسسٹنٹ کمشنر سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ انجمن تاجران کے رہنما میاں محمد سعید زرگر، میاں شفیق الرحمن ونگڑ، میاں طاہر رفیق اور ملک عاشق حسین بھی موجود تھے۔ تھانہ سٹی پولیس نے عبدالرحمن کی درخواست پر عرفان عنایت کیخلاف زیر دفعہ322ت پ مقدمہ درج کرلیا۔ عرفان عنایت اپنے گھر کو مسمار کرکے ہسپتال کی تعمیر کیلئے تہہ خانہ کی کھدائی رات کے وقت شروع کی گئی۔ صبح 7بجے کے قریب اہل خانہ بیدار ہوئے تو کھدائی ہو چکی تھی، اسی دورا ن ملحقہ مکان کی بنیادیں کمزور ہونے کی وجہ سے اس کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں فاطمہ، رضوان ،5سالہ اریب رضوان،30 سالہ نعمان نثار اور 10 سالہ طیب سجاد ملبے تلے دب گئے، جبکہ باقی اہل خانہ خوش قسمتی سے کھدائی دیکھنے کیلئے باہر ہونے کی وجہ سے بچ گئے۔ فاطمہ رضوان، رضوان، اریب رضوان کو زندہ نکال لیا گیا۔ نعمان اور طیب کو مردہ حالت میں ملبے کے نیچے سے نکال لیا۔
سانگلہ ہل: ہسپتال کیلئے کھدائی سے ملحقہ مکان گر گیا‘ 2 جاں بحق
Feb 20, 2023