شکر گڑھ (نامہ نگار+ اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ میچ فکسنگ ختم ہونے کے بعد کیس فکسنگ آ گئی ہے۔ پرویز الٰہی ٹیپ کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی نالائقی پر عمران خان نوبل انعام کے حقدار ہیں۔ وہ گزشتہ روز شکر گڑھ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا عمران خان کو بعض ججز‘ جرنیلوں نے ہم پر مسلط کیا۔ نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے سے ملک میں سیاسی انتشار اور انارکی پھیلی۔ مسلم لیگ ن کے لوگوں کو توہین عدالت میں سزا ملتی ہے عمران خان کو توہین عدالت پر کوئی نہیں پوچھتا۔ ہماری عدالتیں سیاسی فیصلے کریں گی تو سوال پیدا ہوں گے۔ پنجاب میں ایسے فیصلے سے پی ٹی آئی کو حکومت ملی جسے ابھی تک ریویو نہیں کیا جا سکا۔ عمران خان کے لئے آئین کی نئی تشریح کر دی گئی۔ خوشی ہے کہ علی وزیر کو رہائی ملی، یہ قانون کی جیت ہے۔ پی ٹی آئی حکومت، دہشت گردوں کو دوبارہ سر اٹھانے کا موقع دے کر گئی۔ اسٹیبلشمنٹ کا سیاست سے باہر نکلنا "ووٹ کو عزت دو " کے بیانیے کی جیت ہے۔ اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ، بیوروکریسی اور سیاست دانوں کو ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے۔ عمران خان کے مشکور ہیں کہ وہ اپنے کارکنان کو جیل ڈالنا چاہتے ہیں۔
میچ فکسنگ کے بعد کیس فکسنگ‘ سیاسی نالائقی پر عمران نوبل انعام کے حقدار: احسن اقبال
Feb 20, 2023