دہشت گرد اسلام‘ پاکستان اور انسانیت کے دشمن ہیں: زبیر احمد ظہیر


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کراچی پولیس آفس میں دہشت گردی کی شدید مذمت اور شہدائے پولیس کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد کوئی بھی ہوں وہ اسلام پاکستان اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ اس کو ختم کرنے کا واحد اور مؤثر راستہ یہی ہے کہ ملک میں فوری طور پر قرآن و  سنت کا نظام نافذ کیا جائے اور جو بھی دہشت گردی میں ملوث ہوں ان کو سرعام قرآنی سزائیں دی جائیں۔ وہ گزشتہ روز اسلامی جمہوری اتحاد کے مرکزی دفتر میں مرکزی مجلسِ عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں مقررین نے موجودہ حکمرانوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ ہر لحاظ سے بری طرح ناکام ہو چکے ہیں اور گزشتہ دس ماہ میں ثابت ہو چکا ہے کہ حالات کو سنبھالنا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔ ملک اور عوام کو مسائل اور مہنگائی کی دلدل سے نکالنے کا واحد راستہ نفاذ اسلام اور فوری طور پر عام انتخابات ہیں۔ مگر سب کو نظر آ رہا ہے کہ شیر ہونے کے دعوے دار عمران خان کا مقابلہ کرنے سے بھاگ رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن