لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی، پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کو 100 سال بھی مل جائیں تو یہ ملک میں کوئی بہتری اور عوام کی زندگی میں کوئی انقلاب نہیں لاسکتے کیونکہ یہ سب پارٹیاں آٹا، شوگر، گھی، آئل، کھاد مافیاز کی سہولت کار ہیں اور الیکشن میں یہی مافیاز جیتتے ہیں اور عوام ہار جاتے ہیں۔ پاکستان میں ایک لٹر پٹرول ایک ہزار اور آٹا 5سو روپے کلو بھی ہوجائے تب بھی پی ٹی آئی، پی پی، پی ڈی ایم کو کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ سرمایہ داروں کے کلب ہیں۔ یہ کرپٹ ٹرائیکا اچھی حکمرانی دینے میں مکمل ناکام ہوگیا ہے۔ عام پاکستانی 42اقسام کے ٹیکس دے رہے ہیں حکمران طبقہ100اقسام کی مراعات لے رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کا راستہ دیدہ اور نادیدہ قوتوں نے روکا ہے۔ 27فروری کو اسلام آباد میں جماعت اسلامی کی مرکزی و صوبائی قیادت سمیت قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا کنونشن ہوگا جس میں ہم قوم کو روڈ میپ دیں گے۔ ہم سول نافر مانی کے نظام کے باغی ہیں اور آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔ ملک میں جب بھی آزادانہ غیر جانبدارانہ شفاف الیکشن ہوئے توجماعت اسلامی سرپرائز دے گی۔ ملک میں ایک ہی دن قومی اور صو بائی اسمبلیوں کے الیکشن ہونے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا ملک میں مہنگائی کا55 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ زرداری، شہباز شریف ،نواز شریف ،عمران خان، اسحاق ڈار اپنی ضرورت سے زائد پراپرٹیز قوم پر نچھاور کردیں تو پاکستان کے قرضے ختم ہوجائیں گے۔
سراج الحق