لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچ میں کراچی کنگز کو اتبدائی 3 میچز میں مسلسل شکستوں کے بعد بالآخر چوتھے میچ میں پہلی کامیابی مل گئی۔ کراچی کنگز کی جانب سے دئیے گئے 186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 18 ویں اوور میں 118 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، اس طرح کراچی کی ٹیم 67 رنز سے میچ جیت گئی۔لاہور قلندرز کی جانب سے مرزا طاہر بیگ کے علاوہ کوئی بھی بیٹر کراچی کنگز کے بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔ مرزا طاہر بیگ 45 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کامران غلام نے 23 اور سکندر رضا نے 18 رنز کی اننگز کھیلیں۔کراچی کنگز کی جانب سے عاکف جاوید نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عامر یامین اور بین کٹنگ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، محمد عامر اور عماد وسیم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔قبل ازیں کراچی کے نیشنل بنک ارینا میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز میتھیو ویڈ اور جیمز ونس نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 70 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ میتھیو ویڈ 36 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ حیدر علی نے 18 اور شعیب ملک نے 10 رنز کی اننگز کھیلی۔ جیمز ونس 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بین کٹنگ 20 رنز بنا سکے، عماد وسیم نے 19 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی، زمان خان، حارث رؤف اور لیام ڈاؤسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ لاہور قلندرز کی ٹیم آج اپنا دوسرا میچ کھیل رہی تھی جبکہ کراچی کنگز کا یہ چوتھا میچ تھا۔لاہور کی ٹیم نے پہلے میچ میں ملتان سلطانز کو شکست دی تھی جبکہ کراچی کنگز کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنے ابتدائی تین میچز میں شکست کھا گئی تھی۔